اسلام آباد(پی این آئی)ملک کی صحافتی تنظیموں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے صحافیوں سے متعلق ریمارکس کی مذمت کی اور معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہاکہ علی امین گنڈا پور کے الزامات اور خاتون صحافیوں سے متعلق طنزیہ ریمارکس ان کی دماغی صحت پرسوالیہ نشان ہے۔انہوں نے اعلان کیا گنڈاپورکے معافی مانگنے تک لاہور میں ان کی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے کہاکہ علی امین کی صحافیوں پر الزام تراشی بالخصوص خواتین سے متعلق نازیبا بیان کو تمام فورمز پر اٹھایاجائے گا۔
ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے کہاکہ صحافیوں کےخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر تحریک انصاف کو علی امین سے باز پرس کرنی چاہیے اور علی امین کو نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔دوسری جانب پارلیمانی رپورٹرز نے سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔ علی امین گنڈا پورکی تقریرکےخلاف پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما تحریک انصاف عمرایوب صحافیوں کومنانے پہنچ گئے اور انہوں نے علی امین گنڈا پور کے ریمارکس پر غیر مشروط معذرت کرلی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں