اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں جنید اکبر اور شکیل خان کو صوابی میں اسلام آباد جلسے کیلئے جانے والے اجتماع میں مدعو نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جلسےسے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں بھی دونوں اراکین اسمبلی شریک نہیں تھے جب کہ رکن اسمبلی عاطف خان بھی اجلاس میں شریک نہیں تھے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا کہ اس وقت ہمارا فوکس اسلام آباد جلسہ ہے، وزیراعلی صوابی جائیں گے تو ہم بھی ضرور جائیں گے، علی امین گنڈاپور پارٹی کے صوبائی صدر ہیں ان کے قافلے میں شریک ہوں گے۔ دوسری جانب مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کے لیے عام اعلان کیا گیا تھا جب کہ صوابی اجتماع میں بھی کسی کو نظر انداز نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنی ہی جماعت کی حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ شکیل خان کے استعفے کے بعد اس معاملے پر پی ٹی آئی کے اندر سے بھی آوازیں اٹھیں اور متعدد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شکیل خان کی حمایت میں بیان بھی دیے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اراکین اسمبلی عاطف خان اور شیرعلی ارباب کوپارٹی عہدوں سے ہٹادیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں