جلسہ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل پی ٹی آئی رہنما کا بڑا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد ( پی این آئی)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کنٹینرز کا جلسہ ہو رہا ہے، ملک کی بڑی شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے، ٹول پلازوں پر پاکستان تحریک انصاف کے جلوسوں کو روکا گیا، سندھ سے آنے والے قافلوں کو جگہ جگہ روکا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے قابلوں کو جگہ جگہ روکا جا رہا ہے، سندھ سے آنیوالے قافلوں کو ٹول پلازوں پر روکا گیا، مری سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے، صبح سے خبر چل رہی ہے جلسہ گاہ سے بارودی مواد برآمد ہوا، کیا بارودی مواد پی ٹی آئی والے لے کر آئے؟بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایک ہی مطالبہ ہے ہمارا مینڈیٹ واپس کرو، یہ 8 فروری کو شکست کھائے ہوئے ہیں، ان کو اقتدار کی کرسی پر بٹھایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو کامیابی کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا، ان کے ذہنوں میں وحشت پیدا ہوچکی ہے، یہ ہماری کامیابی کی نوید ہے، ہم ڈرامے نہیں کر رہے، جمہوری طریقے سے اپنا آئینی حق استعمال کر رہے ہیں، جمہوری اختلافات نفرت میں تبدیل آپ کی حرکتوں کی وجہ سے ہوئے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ اپنے چند دنوں کے اقتدار کیلئے قوم کی بنیادوں کو مت ہلاؤ، یہ عمارت گر گئی تو تم بھی نیچے آ جاؤ گے، آپ کا لیڈر تو لندن بھاگ جائے گا لیکن تمہارے کارکن ہمارے ساتھ ہی لپیٹ میں آئیں گے، 8 فروری کے نتائج کو چیف الیکشن کمشنر نے تبدیل کیا، ہمارا مطالبہ ہے چیف الیکشن کمشنر کا احتساب کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close