اسلام آباد(پی این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دورحکومت میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) چاہتا تھا پاکستان ڈيفالٹ کر جائے، اس دور میں ہمارے ری ویو ہی نہيں چل رہے تھے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، 17لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں، برطانیہ کا دورہ انتہائی مصروف اور اہمیت کا حامل تھا اور برطانوی نائب وزیر اعظم اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں مفید ثابت ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے وزیر نے پی آئی اے سے متعلق بہت غیرذمہ دارانہ بیان دیاتھا، برطانوی قیادت سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، پی آئی اے کی نجکاری پروازوں کی بحالی سے بڑا کام ہے، پروازوں کی بحالی کےمعاملے پر یورپی یونین سےبھی گفتگو جاری ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پروازوں کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں، ہوابازی کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پرکوششیں کی جارہی ہیں، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی جارہی ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ اوور سیز پاکستانیوں کی سہولتوں کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دینا ہمارے ایجنڈے میں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں