اسلام آباد ((پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کےسینئررہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اجتماع سے متعلق بل کی منظوری غیرقانونی ہے، آئین پاکستان سے متصادم ہے۔
صوابی میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ’پرامن احتجاج کرنا ہر شہری و جماعت کا قانونی حق ہے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بل متعارف کیا گیا کہ اگر کوئی بغیر اجازت جلسہ کرے گا تو اس پر قدغن ہوگی، ہم سمجھتے ہیں کے یہ غیرقانونی ہے، عوامی اجتماع پر پابندی آئین سے انحراف ہے، یہ بل آئین پاکستان سے متصادم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس (بل) کو ٹیک اپ کیا ہے ہم کسی بھی طور پر اس کو نہیں مانیں گے، آئندہ ہفتے میں یہ (حکومت) جوڈیشل پیکج لا رہے ہیں، اور پیکج میں ایک تو چیف جسٹس کی ملازمت میں توسیع کے لئے قانون سازی کررہے ہیں، ججوں کی تعداد بڑھانے کے لئے کر رہے ہیں، ہم اسے غیرقانونی سمجھتے ہیں پاکستان کے تمام بارز کی اس پر قراردادیں موجود ہیں، ایسا اقدام عدلیہ کے اندر مداخلت ہے، سپریم کورٹ بار سمیت صوبائی بارز سے مداخلت کی درخواست کریں گے، یہ عدلیہ کے اوپر حملہ ہوگا جو کسی صورت میں برداشت نہ کیا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ بانی چیئرمین عمران خان سے انتقام کے لئے کررہے ہیں، ہم کسی صورت اس بل کو منظور نہیں ہونے دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں