عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں

لاہور (پی این آئی) بانی پی ٹی آئی عمران خان پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

نجی چینل نے بانی پی ٹی آئی پر پولیس ،ایف آئی اے ،اینٹی کرپشن اور نیب میں درج مقدمات اور انکوائریز کی رپورٹ حاصل کرلی۔پولیس رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں کل 48 مقدمات درج ہیں، عمران خان پر لاہور میں پنجاب پولیس کی جانب سے 18 مقدمات درج کئے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی پر شیخوپورہ میں سات مقدمے درج ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم پر گوجرانوالہ میں ایک، راولپنڈی میں 13اور اٹک میں 2 مقدمات درج ہیں، بانی پی ٹی آئی پر فیصل آباد میں 5، سرگودھا اور میانوالی میں ایک ایک مقدمہ درج ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق عمران خان کے خلاف ایف ائی اے میں ایک اور اینٹی کرپشن پنجاب میں دو انکوائریاں زیر التوا ہیں۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر نیب کے تین کیسز زیر التوا ہیں، عمران خان کیخلاف 190 ملین پاونڈ اور توشہ خانہ کی دو انکوائریاں زیر التوا ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں