اسلام آباد (پی این آئی )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقاتیوں کو ملنے کی اجازت نہ دینے پر وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست کل سماعت کےلیے مقرر کرلی گئی جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان سماعت کریں گے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلیے ایس او پی بنانے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت نے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ جاری کی تھی۔ اس میں کہا گیا کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلاء اور سیاسی معاونین کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ فریقین کو عدالت کے 18 جولائی کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کا حکم دیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی معاونین و وکلاء سے بلا روک ٹوک ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں