اسلام آباد ر (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی خارجہ پالیسی تنہا ہو گئی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک مہینے کے دوران 84 لوگ دہشتگردی میں شہید ہوئے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی تنہا ہو گئی، ملکی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے، ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے واحد حل گرینڈ ڈائیلاگ ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ 4 کروڑ ووٹ لینے والی جماعت کو کیسے مائنس کیا جاسکتا ہے، حکومت ماحول بدلے بانی پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
مزید برآں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ جیسے کیپٹن (ر) صفدر اور جاوید لطیف کو نظر انداز کیا ہمیں بھی کردیں، آپ کی مرضی کے مطابق چلنا چاہتا ہوں، میری معذرت قبول کر لیں پہلے بھی معافی مانگ چکاہوں، ہم بھی آپ کے اپنے ہیں، ہمارے لئے بھی دل بڑا کر دیں، فواد چوہدری نے یہ بات اپنے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران کہی، الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔
توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیر فواد چوہدری اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے اور اپنا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے گزشتہ بار تحریری معافی جمع کرائی تھی۔ ممبر کمیشن نے فواد چوہدری سے کہا کہ پھر آپ کہتے ہیں کہ بیان پارٹی لائن ہے۔ پارٹی لائن میں اداروں کے خلاف تو بیان نہ دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں