اسلام آباد(پی این آئی) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی مفاد میں تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کے آپس میں مذاکرات ہونے چاہئیں، اس وقت وزیراعظم شہبازشریف کو سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کی سربراہی کرنی چاہیے،وہ اقدام اٹھائیں، اس وقت ٹیم کے کپتان وزیراعظم ہیں ان کو فیصلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوئی فیصلہ کریں گے تو نیشنل سکیورٹی اور قومی معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے، ون پوائنٹ ایجنڈے پر ملک کی سکیورٹی اور تحفظ کیلئے تمام جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہوگا،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذاکرات کیے ہیں، ہم نے اپوزیشن میں نوازشریف سے بات کی، چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کئے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے پرانی وابستگی ہے، مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، ہم چاہتے ہیں مل کر ملک اور قوم کی خدمت کریں، ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر عوام کیلئے کام کرنا ہوگا، عہدے آتے جاتے رہتے ہیں،ملک اور قوم کا خیال رکھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں