سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور چلاگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور ہوگیا ہے اور طوفان بحیرہ عرب کےشمال مشرق میں ہے جب کہ طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب مغرب سے 230 کلو میٹر دور ہے۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سمندری طوفان بلوچستان کی ساحلی پٹی سےقریب ہورہا ہے، طوفان اورماڑہ سے 180کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور گوادر سے 300 کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی ساحلی پٹی کی جانب بڑھتے ہوئے طوفان کا رخ عمان کی جانب ہوگا جب کہ طوفان کا کسی ساحل سے ٹکرانے کاامکان نہیں اور سمندر میں ہی کمزور ہوکر ختم ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ہوا کا دباؤ شدت اختیار کرکے ڈپریشن بن چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم بھارتی گجرات اور راجستھان پر اثر انداز ہوگا جب کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں یہ سسٹم مشرقی سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر اس کے اثرات کی پیشگوئی کرنا قبل ازوقت ہوگا۔ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، ناظم آباد، صدر،کھارادر، ڈیفنس، کورنگی، قیوم آباد، نرسری، پی ای سی ایچ ایس اور طارق روڈ سمیت مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی۔شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں