اسلام آباد (پی این آئی) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ8ستمبر قریب آتے ہی عمران خان پر سختی شروع کردی گئی ہے، گھر والوں کو ملنے نہیں دیا جاتا،یہ چاہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں جلد سزا دی جائے، القادر ٹرسٹ بند ہونے سے دین پڑھنے والے بچوں کا نقصان ہوگا، ہم کب تک تماشا برداشت کرتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہمشیرہ بانی پی ٹی آئی علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے،گھر کے لوگوں کو ملنے نہیں دیا جاتا، تین لوگوں سے زائد کسی کو ان کیساتھ نہیں ملنے دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کی وجہ 8 ستمبر کا جلسہ ہے، یہ لوگ خوفزدہ ہیں، کل بھی صرف عمر ایوب اور شبلی فراز کو جانے دیا تھا اور آج بھی متعدد رہنماء باہر بیٹھے رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج توشہ خانہ کی ضمانت کیلئے درخواست دی تو پراسیکیوشن نے کہا تیاری نہیں،جج صاحب نے بھی پیر کی تاریخ دے دی ہے اب یہ چاہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو جلد از جلد سزا دے دی جائے، قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس کے ذریعے جج کو پیغام بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوگی تو ہائی کورٹ سے ضمانت میں لگ جائیں گے، اب ہم انتظار کر رہے ہیں کہ اس کیس میں کیا سزا دیں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹٹ بند کریں گے توسوال ہوگا جو بچے دین پڑھ رہے ہیں ان کا نقصان ہوگا،ہم کب تک ان کا تماشا برداشت کرتے رہیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم خواتین پر یہاں دہشت گردی کے پرچے کاٹے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں