گوجرانوالہ (پی این آئی) تحریک انصاف سے ایک اور جیتی ہوئی نشست چھن گئی، این اے 79 میں 8 فروری کو 4 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہارنے والے ن لیگی امیدوار کو الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں کامیاب قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 79 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا، دوبارہ گنتی میں 8 فروری کو شکست کھا جانے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھنڈر کامیاب قرار دے دیے گئے۔8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھنڈر نے 4 ہزار 388 ووٹ سے شکست کھائی تھی۔ تاہم دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھنڈر نے 95604 ووٹ حاصل کیے۔ پی ٹی آئی امیدوار احسان اللہ ورک نے 92581 ووٹ لیے۔ ن لیگ کے ذوالفقار بھنڈر 3023 ووٹوں کی برتری سے ایم این اے قرار دے دیے گئے۔
واضح رہے کہ 27 اگست کو الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سے کہا کہ و ہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرکے دو دن میں نیا فارم 49 جاری کریں۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے معاملے پر اپنا فیصلہ سنایا، اس اہم فیصلے میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر کو حکم دیا ہے کہ وہ متعلقہ حلقے کے تمام ووٹوں، بشمول مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کریں۔
فیصلے کے مطابق دوبارہ گنتی درخواست گزار اور دیگر امیدواروں کی موجودگی میں کی جائے گی، ریٹرننگ آفیسر کو 2 دن کے اندر اپنی رپورٹ اور نظرثانی شدہ فارم 49 کمیشن کے سامنے پیش کرنا ہوگا ، اس کے بعد منتخب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، یہ فیصلہ مدعا علیہ اور درخواست گزار کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں