جماعت اسلامی نے حکومت کو پھر خبردار کر دیا

لاہور(پی این آئی) امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تو فارم 47 والی حکومت کو گرانے کی تحریک شروع کریں گے، اب لوگ تنگ آچکے ہیں اور مسائل کا حل چاہتے ہیں، عوام حکمرانوں کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔

 

 

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وفاقی حکومت گرانے کی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، اگلی کال آئندہ چند دن میں دے دیں گے، سب راستے بند کر دیے تو حکومت ہٹاؤ تحریک شروع ہوسکتی ہے۔ یہ صرف جماعت اسلامی کی نہیں پورے پاکستان کی ہڑتال ہے عوام حکمرانوں کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔

 

 

حافظ نعیم نے کہا کہ جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، تاجر ٹیکس دینے کو تیار ہیں لیکن مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انہیں منظور نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تاجروں کی مشاورت سے ٹیکس کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت ریلیف دینے کو تیار نہیں تو گھر بھیجنے کی تحریک شروع ہوگی، اب لوگ تنگ آچکے ہیں اور مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

 

حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو ہڑتالوں کا سلسلہ نہیں رکے گا، تاجروں، سیاسی و سماجی تنظیموں سے مشاورت کے بعد اگلی کال دیں گے،کسی کو کاروبار بند کرنے کا شوق نہیں، معیشت اور کاروبار حکومت نے تباہ کیے، حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کے علاوہ اورکوئی راستہ نہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ملک کو ایسے حکمرانوں سے نجات دلانی ہو گی جو اپنی مراعات اور عیاشیاں اور آئی پی پیز کا دھندہ بند کرنے کو تیار نہیں اور 25کروڑ لوگوں کا خون نچوڑنے پر بضد ہیں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ 20دن گزر گئے، حکمرانوں کے پاس معاہدہ پر عمل درآمد کے لیے 25دن رہ گئے، عمل درآمد نہ ہوا تو لانگ مارچ، دھرنوں اور ہڑتالوں کے آپشنز موجود ہیں۔ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ چیمبرز نے ہڑتال کی حمایت کی، تاجروں میں تقسیم کی حکومتی سازشیں ناکام ہو گئیں، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں قوم متحد ہے۔جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک مزید آگے بڑھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں