مولانا فضل الرحمٰن نے پارلیمنٹ میں حمایت کے بدلے تحریک انصاف سے کیا مانگ لیا؟ سیاسی میدان سے بڑی خبر

اسلام آباد ( پی این آئی ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف سے سینیٹ کی 2 نشستوں کا مطالبہ کردیا۔

صحافی نعیم اشرف بٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کے لیے سینیٹ کی 2 نشستوں کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ خیبرپختونخوا سے 2 سینیٹرز کے لیے جے یو آئی ف کو تحریک انصاف کی حمایت درکار ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی جماعت سابق گورنر غلام علی کو سینیٹر بنوانا چاہتی ہے اور 2 سینیٹرز کے بدلے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے پاس ایک سینیٹر بنوانے کے لیے بھی ووٹ پورے نہیں ہیں اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی جمعیت علماء اسلام ف کے ایک سینیٹر کی حمایت کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کے مطالبے پر جے یو آئی ف کے 2 سینیٹرز منتخب کروانے کے معاملے پر غور اور بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پارلیمنٹ میں تعاون کیلئے جے یو آئی اور تحریک انصاف کی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا، دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کے فورم پر ایک ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عوامی ایشوز اور قانون سازی سے متعلق دونوں جماعتیں ایک ساتھ چلیں گی، اس موقع پر سینیٹ اجلاس میں قانون سازی پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں شبلی فراز، اسد قیصر، بیرسٹر گوہر، کامران مرتضیٰ، غفور حیدری شریک ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close