وفاقی حکومت کا عدلیہ سے متعلق اہم قانون سازی کا فیصلہ

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی حکومت نے عدلیہ سے متعلق اہم قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے پرغور کر رہی ہے اور اس حوالے سے حکومتی رکن دانیال چودھری نے پرائیویٹ ممبر بل تیار کرلیا ہے۔

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 23 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ججز کی تعداد میں اضافے کا بل آئندہ ہفتے پرائیویٹ ممبرز ڈے پر پیش ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 1997 کے ایکٹ میں ترمیم کے زریعے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

بل کے مسودے کے مطابق سپریم کورٹ ججوں کی تعداد ایکٹ کی سیکشن دو میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے۔تجویز کے تحت سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد چیف جسٹس کے علاوہ دیگر22ججوں پر مشتمل ہو گی۔ذرائع کے مطابق مجوزہ بل کے اغراض و مقاصد میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے سے قانونی عمل تیز، مقدمات کی بروقت سماعت اور فیصلہ ہوگا۔بل کے متن کے مطابق سائبرکرائم، ماحولیاتی قوانین اور عالمی تجارت کے کیسز میں ماہرین کی ضرورت ہے، مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے ججز کی تقرری سے درست فیصلہ سازی ممکن ہوسکے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں