اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انتشار سے بچنے کے لیے جلسہ منسوخ کیا، عمران خان سے کہہ دیا جلسہ کروں گا اور میں ذمہ دار ہوں گا، 8 ستمبر کو تاریخی جلسہ ہو گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے نوازشریف، زرداری کو بٹھا دیا گیا، جنہوں نے یہ کیا یہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے؟ ہمارے لوگوں نے اپنے زور بازو سے اپنے مینڈیٹ کو بچایا ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس ملک کے سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے قربانی دے رہے ہیں، ہم ملک میں آئین کی پاسداری چاہتے ہیں، آئین کے اندر ہر ادارے کی حدود ہے، مولانا کے ساتھ ان لوگوں نے دھوکہ کیا جنہوں نے مینڈیٹ چوری کر کے کسی اور کو دیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ حکومت کو میں نے کوئی لچک نہیں دکھائی نہ دکھاؤں گا، جلسے میں خیبرپختونخوا کی پولیس میرے ساتھ ہو گی، وزیراعلیٰ جہاں جائے گا پولیس صوبے کی ساتھ ہوگی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ فوج میں کرسی کے لیے لابنگ سازش کے زمرے میں آتی ہے، فیض حمید جب نوازشریف سے کہہ رہا تھا آرمی چیف بنا دو تو کوئی نہ کوئی لالچ بھی دے رہا ہوگا، خواجہ آصف قوم کو پوری بات بتائے، خواجہ آصف بتا دیں لندن پلان میں فیض حمید کا کیا دیا ہوا تھا۔پنجاب میں الیکشن نہ کرا کر آئین توڑا گیا، جب تک کچھ لوگوں کو آرٹیکل 6 لگا کر پھانسی نہیں دی جاتی تب تک ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں