راولپنڈی (پی این آئی) صوبہ بلوچستان میں فورسز کی کارروائی کے دوران 21 دہشت گرد ہلاک اور 14 جوان شہید ہوگئے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 اور 26 اگست 2024ء کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان میں متعدد گھناؤنی کارروائیاں کرنے کی کوشش کی، دشمن قوتوں کی ایماء پر کی گئی دہشت گردی کی ان بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ اضلاع میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو متاثر کرنا تھا، جس کے نتیجے میں بے شمار بے گناہ شہریوں نے شہادت قبول کی۔
ترجمان پاکستان آرمی نے بتایا کہ ضلع موسیٰ خیل میں دہشت گردوں نے جنرل ایریا راڑہ شام میں ایک بس کو روکا اور بلوچستان میں روزی روٹی کمانے کے لیے کام کرنے والے معصوم شہریوں کو بدنیتی سے نشانہ بنایا، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا اور کلیئرنس آپریشنز، مقامی آبادی کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، آپریشن کے دوران پاک فوج کے 10 جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکاروں سمیت 14 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں