کارساز ٹریفک حادثہ ، عدالت نے ملزمہ سے متعلق اہم فیصلہ سنا دیا

کراچی (پی این آئی)کارساز ٹریفک حادثے کی ذمہ دار ملزمہ نتاشا کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران عدالت نے ملزمہ کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔ملزمہ نتاشا کو کراچی سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ملزمہ نتاشا کی جانب سے وکیل عامر منصوب عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ عامر منصوب نے ٹریفک حادثہ کی ذمہ دار ملزمہ نتاشا کو نفسیاتی قرار دے دیا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نفسیاتی مریضہ ہے اور گزشتہ 5 سال زیر علاج ہے، ایسے مریضوں کو ائسولیشن وارڈ میں رکھا جاتا ہے، ملزمہ بنا اجازت گاڑی لیکر گھر سے نکلی۔ایڈووکیٹ عامر منصوب نے کہا کہ ملزمہ کی ذہنی کیفیت ایسی نہیں کہ عدالت میں پیش کیا جائے، ایسی بیماری میں مبتلا مریض کو کچھ یاد نہیں رہتا، ملزمہ کی درخواست ضمانت دائر کریں گے۔

بعد ازاں، کارساز ٹریفک حادثہ کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر عامر الطاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے، ہسپتال انتظامیہ نے ملزمہ کو ایڈمٹ کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملزمہ کا ریمانڈ چاہتے تھے، عدالت نے ایک دن کا ریمانڈ دیا ہے، ہمیں سیمپل مل گئے ہیں وہ لیب میں جائیں گے اور پھر اس کی رپورٹ آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس سمیت متعلقہ دستاویزات کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے، دستاویزات سامنے آئیں گے تو معلوم ہوگا کہ ڈرائیونگ لائسنس برطانیہ کا ہے یا پھر پاکستان کا ہے۔

تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر اجازت دیں گے تو کل ملزمہ نتاشا کو عدالت میں پیش کریں گے، نشے کی حالت سے متعلق کوئی میڈیکل رپورٹ ہمیں موصول نہیں ہوئی، جب تک میڈیکل ڈاکٹر اپنی سفارشات نہیں دیتا ملزمہ نشے میں تھی یا نہیں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔اس سے قبل متوفی عمران عارف کے بھائی کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں