اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ رؤف حسن کےبھارتی صحافی کے ساتھ خوفناک پیغامات پر مبنی روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے ۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کے بھارتی روابط پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فیض نیازی گٹھ جوڑ نے پاک فوج مخالف بیانیے بھی ملکر چلائے تاکہ ادارے میں تقسیم کا تاثر دیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور فیض حمید کے گٹھ جوڑ کے معاملات، مشرقی بارڈر کے پار پاکستان مخالف جذبات رکھنے والے صحافیوں سے پی ٹی آئی کے روابط اور مغربی بارڈر کے ذریعے فتنہ الخوارج کو واپس لانے کے فیصلے ملک دشمنی کی بدترین مثال ہیں۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند فارن فنڈڈ جماعت نے پہلے سائفر کے ذریعے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا اور اب ملک کی سالمیت اور بقا کو نقصان پہنچانے کے لئے اپنے غیر ملکی آقائوں کا سہارا لے رہی ہے، مذکورہ بھارتی صحافی پاکستان مخالف جذبات رکھتے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ رؤف حسن نے بھارتی صحافی کے ساتھ تحریک انصاف کی سوچ کی ترجمانی کی جو پاکستان کی سالمیت اور بقا کے خلاف سازشوں کو فروغ دے رہے ہیں، اب سمجھ آ رہی ہے کہ 9 مئی کے حملے کیوں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سے روابط کا بڑا ذریعہ تھا، اس سیل کے ذریعے پاک فوج اور سپہ سالار کے خلاف بھی مہم چلائی جا رہی تھی جس کے تانے بانے آج بھارت کے ساتھ مل رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں