مری (پی این آئی) مری میں نواز شریف کی تصویر پر جوتے مارنے والے افراد کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج، یوم آزادی کے موقع پر سیاحتی مقام مری کے جی پی او چوک پر شہریوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے قائد ن لیگ کی تصویر پر جوتے مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع مری میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر پر جوتے مارنے کے الزام میں متعدد افراد کو دہشت گردی کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک کے سیاحتی مقام مری میں یوم آزادی کی رات پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پینا فلیکس پر جوتے مارنے والے افراد کے خلاف پنجاب پولیس نے انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ مری میں مقدمہ سول ڈیفنس مری کے وارڈن محمد سہیل رشید کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں 11 افراد کو نامزد جب کہ 40 کو نامعلوم ظاہرکیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھائے افراد نے حکومت مخالف نعرے بازی کی، ملزمان نے نجی ہوٹل پر پتھراؤ کیا، روکنے پر کار سرکار میں مداخلت اور مزاحمت کی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان کے ڈنڈوں کے وار سے مدعی مقدمہ سمیت احتشام اور احسن مطلوب زخمی ہو گئے، ملزمان نے خوف و ہراس پھیلا کر ہوٹل کو نقصان پہنچایا اور مدعی مقدمہ کی یونیفارم بھی پھاڑی دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں