یوٹیلیٹی اسٹورز کو دی جانیوالی سبسڈی پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) ایف بی آر نے یوٹیلٹی اسٹورز کی سبسڈی پر بھی ٹیکس عائد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کو دی جانے والی سبسڈی پر ٹرن اوور ٹیکس عائد کر دیا گیا۔ ذرائع فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق رواں مالی سال یوٹیلیٹی سٹورز کو دی جانے والی سبسڈی پر 1.25 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، رواں مالی سال ایف بی آر کو مجموعی طور پر 60 ارب روپے کی سبسڈی دی جائیگی، سبسڈی پر ایف بی آر رواں مالی سال تقریبا 1 ارب ٹیکس وصول کریگا۔ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کو دی گئی سبسڈی کو آمدن کے طور پر سمجھ کر ٹیکس لگایا گیا ہے، سبسڈی پر ٹیکس عائد کرنے کیلئے رواں مالی سال فنانس بل کا حصہ بنا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نقصان میں چلنے والی کمپنیوں کی آمدن پر 1.25 فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد ہے۔

واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے رواں مالی سال یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کی منظوری دے دی گئی۔مالی سال 2024-25 کیلئے 50 ارب کی ٹارگٹڈ سبسڈی کی منظوری دی گئی۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینیفشریز ریلیف پیکج سے مستفید ہوں گے، ریلیف پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں