راولپنڈی(پی این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان تھے،انہوں نے ہی سب کیا۔
جیو نیوز کے پروگرام’ نیاپاکستان‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ کل ایک سینئر افسر کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے، جب دھرنا ہوتا تھا اس وقت بھی یہ بات ہوتی تھی کہ فلاں صاحب اسکے پیچھے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات کے بعد یہ بات واضح تھی اس کے پیچھے فلاح صاحب کا ہاتھ تھا، اس وقت ثبوت کسی کے پاس نہیں تھا،صرف باتیں ہوتی تھیں، ہاؤسنگ سوسائٹی والے معاملے پر بھی فیض حمید کا نام لیا جا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان تھے،انہوں نے ہی سب کیا، عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے گرفتار کیا گیا تو ایسا ہوگا، تحقیقات اب جاری ہیں،جو لوگ ملوث ہوں گے ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہر آدمی کی اپنی رائے یا سوچ ہوتی ہے، خواجہ آصف سے سوال کیا گیا ہوگا جو انہوں نے جواب دیا، میں تعیناتی کے عمل کو اس طرح ڈسکس کرنے سے متفق نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی کو جس کا نام دیا گیا انہوں نے پورے معاشرے کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اتنے بڑے گند کو صاف کرنے کے لیے 2 سے 4 دن کے لیے تکلیف برداشت کرنی پڑے تو کچھ بھی نہیں، اس گندگی کو روکنے کے لیے تھوڑا مسئلہ ہے تو یہ اس کی کوئی بڑی قیمت نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں