منکی پاکس پھیلنے لگا، کیسز کی تعداد کتنی ہوگئی؟تشویشناک خبر

اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان میں رواں سال منکی پاکس کیسز کی تعداد 3 ہوگئی۔ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ارشاد روغانی نے خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کے 3 مصدقہ کیسز کی تصدیق کردی۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کے 3 کنفرم کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے ایک کیس اس ہفتے کنفرم ہوا ہے جبکہ دو پہلے کے ہیں۔ارشاد روغانی نے بتایا کہ منکی پاکس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز بنائے جارہے ہیں جبکہ ائیرپورٹ سمیت بین الاقوامی بارڈز پر ہیلتھ کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور کوویڈ کی ٹیموں کو ان مقامات پر فعال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والے تمام مشتبہ مسافروں کی تشخیص کی جارہی ہے جس سے یہ واضح ہوا ہے کہ ہمارا اپنا کوئی کیس نہیں، سارے کیسز خلیج ممالک سے آرہے ہیں۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے مزید بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے ایمرجنسی بھی ڈکلئیر کی ہوئی ہے جبکہ ہم پہلے ہی عوام اور طبی عملے کیلئے ایڈوائزری جاری کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت ایم پاکس وبا کے سد باب کیلئے اس کی سرویلنس اور انسدادی اقدامات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔یاد رہے کہ 2 سال کے دوران پاکستان میں منکی پاکس کے 12 کیسز سامنے آئے ہیں ، عالمی ادارہ صحت نے بھی اب منکی پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دے دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close