ارشد ندیم کیلئے آلٹو گاڑی کے تحفے کا اعلان کرنیوالے معروف بزنس مین سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آگئے

میاں چنوں(پی این آئی) قومی ہیرو ارشد ندیم کو تحفے میں سوزوکی آلٹو دینے کا اعلان کرنے والے پاکستانی بزنس مین کو سوشل میڈیا صارفین نے کڑی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

انڈیا ٹائمز کے مطابق علی شیخانی نامی امریکی نژاد پاکستانی کاروباری شخص کی طرف سے اولمپکس میں تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو سوزوکی آلٹو تحفے میں دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر انٹرنیٹ صارفین اسے کنجوسی کے طعنے دے رہے ہیں۔ابتدائی طور پر علی شیخانی کے اس اعلان کے متعلق پاکستانی سماجی کارکن سید ظفر عباس جعفری کی طرف سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا۔تاہم ان کی پوسٹ پر کمنٹس میں انٹرنیٹ صارفین علی شیخانی پر برس پڑے۔ بھارتی شہری بھی علی شیخانی کو تنقید کا نشانہ بنانے میں پیچھے نہیں ہیں، جن میں سے ایک شخص نے اپن کمنٹ میں لکھا ہے کہ ”بھائی سپلینڈر(بھارتی کمپنی ہیرو ہنڈا کی ایک سستی موٹرسائیکل) ہی دے دیتا۔ بھارت میں بی ایم ڈبلیو اور اوڈی جیسی لگژری کاریں چار لاکھ روپے تک میں مل جاتی ہیں۔“

ایک اور بھارتی شہری لکھتا ہے کہ ”ہمارے ملک میں بے روزگار لوگوں کو اس سے اچھا تحفہ مل جاتا ہے۔“ایک صارف لکھتا ہے کہ ”ارشد ندیم کم از کم فارچونر کا تو حق دار تھا۔“ ایک پاکستانی شہری اپنے کمنٹ میں لکھتا ہے ”آلٹو؟ واقعی؟ بے شرم آدمی۔“ ایک اور شخص نے لکھا ہے کہ ”گولڈ میڈل جیتنے والے شخص کے لیے انتہائی گھٹیااور ہتک آمیز تحفہ ہے یہ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close