راولپنڈی (پی این آئی ) پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ملک کی سب سے بڑی عدالت ہے اگر اس کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو انارکی ہو گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہو گا، ایک سال سے 9 مئی ہو رہا ہے، اب اس ملک پر رحم کریں گے، سپریم کورٹ کو خط لکھا جائے کہ 9 مئی کی تحقیقات کی جائے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی اور ہمارے لوگ ہوئے تو معافی مانگیں گے، ملک کے نوجوانوں کو انتشاری اور دہشت گرد نہ کہا جائے، پاک فوج کے خلاف، ملک کے خلاف، آئین کے خلاف پراپیگنڈا کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے حکم پر انتخابات ہوئے لیکن مکمل عملدرآمد نہیں ہوا، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، اس پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے، ہمیں مینڈیٹ واپس کیا جائے، عدالت میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی، اگر قانون کے مطابق ہمارا مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا تو اس اسمبلی میں عدم اعتماد آسکتی ہے۔علی محمد خان نے کہا کہ ہم امریکا کے کہنے پر یا پھر ڈونلڈ لو کے کہنے پر عدم اعتماد نہیں لائیں گے، ملک میں برائے نام جمہوریت ہے، حکومت فارم 47 کی پرچی پر چل رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں