تحفظ آئین موومنٹ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہماری تحریک کا مقصد حکومت گرانا نہیں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحفظ آئین پاکستان کی تحریک کسی کی حکومت گرانے کےلیے نہیں بنائی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کا واحد مقصد قوم کو متحد کرنا ہے کیونکہ ملک ڈوب رہا ہے، ہمارا اتحاد پاکستان کو بچانے کےلیے ہے، ہم قوم کو اجتماعی دانش سے بچائیں گے۔تحفظ آئین موومنٹ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اگر سڑکیں اور نالیاں بنانا ترقی ہے تو یہ کام تو برطانوی سامراج کے دوران بہت ہوا ہے، صوبوں کو اپنے وسائل پر حق دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا صدارتی الیکشن تھا، جس میں کوئی ووٹ فروخت نہیں ہوا، مجھے ووٹ دینے والے ایم پی ایز کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کا کوئی رکن صدارتی الیکشن میں نہیں بکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں