کراچی(پی این آئی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہےکہ وہ آج صبح سے ہی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہیں،گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق انہیں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ایسا کوئی فیصلہ کرتی تو ہمیں اعتماد میں لیا جاتا، ایسا کچھ نہیں ہوا، یہ صرف افواہیں ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ایسے کوئی فیصلے ہوتے ہیں تو پھر ایم کیو ایم قیادت بیٹھے گی اور ہم اپنا فیصلہ اور لائحہ عمل بنائیں گے۔
اس حوالے سے ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا بھی کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق بحث کسی سطح پر زیرغور نہیں، ہم سے اس متعلق وفاق نے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیاہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن کو گورنرسندھ بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند دن میں گورنر سندھ کی تبدیلی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت کامران ٹیسوی گورنر سندھ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں