وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اچھی خبر سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات جاری ہیں، حکومت کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ترکیہ کے وزیر تجارت ڈاکٹر عمر بولات نے ملاقات کی ہے جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان و ترکیہ کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔محمد اورنگزیب نے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے ایس آئی ایف سی کا کردار اجاگر کیا اور ترک سرمایہ کاروں کو خدمات، صحت، تعلیم سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نئے 7 ارب ڈالر معاہدے کا مقصد طویل المدتی استحکام ہے، ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال بہتر اور زرمبادلہ ذخائر 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں اور روپے کا شرح تبادلہ مستحکم اور مہنگائی میں کمی آرہی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران ترکیہ کے وزیر تجارت نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے اقدامات پر زور دیا اور تجارت بڑھانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان فضائی روابط میں بہتر کی تجویز پیش کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close