عمران خان کے مشروط معافی کے بیان پر ن لیگ کا ردعمل بھی آگیا

لاہور(پی این آئی)بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کے مشروط معافی کے بیان پر مسلم لیگ نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔

سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا مشروط معافی مانگنے کا بیان سمجھ سے بالا تر ہے، 9 مئی کو ڈھائی سو جگہ پر ایک ہی وقت حملوں کا واضح مطلب ہے کہ کہیں سازش ضرور تیار ہوئی۔ن لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں سمجھ آ رہی کہ بانی پی ٹی آئی کی یہ کیا شرائط ہیں۔عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ کبھی آپ کہتے ہیں فالس فلیگ آپریشن تھا جو فوج نے کیا، اس پلان کے قریب بھی نظر آنے والے کئی فوجی افسران کو سزا ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہنے کے بعد مایوسی کا شکار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں بات ہو سکتی ہے وہ سارے دروازے بانی پی ٹی آئی نے بند کر دیئے ہیں اور جہاں بات نہیں ہو سکتی بانی پی ٹی آئی مسلسل وہاں سر ٹکرا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ سیاستدانوں سے بات کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close