اسلام آباد(پی این آئی)پاکستانی دفتر خارجہ نے لبنان میں موجود پاکستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستانیوں کو لبنان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں موجود تمام پاکستانی شہری لبنان چھوڑ دیں، لبنان میں رہنے والے پاکستانی احتیاط برتیں اور خطرے والی جگہوں پر نہ جائیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لبنان میں موجود پاکستانی بیروت میں پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
خیال رہے کہ تہران میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت اور بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر کی شہادت پر ایران اور حزب اللہ نے ہر صورت بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے بھی حماس اور حزب اللہ کے رہنماؤں پر حملے بڑھا دیے ہیں جبکہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے جا رہے ہیں۔موجودہ صورتحال کے پیش نظر امریکا، برطانیہ، اردن اور دیگر ممالک بھی اپنے شہریوں سے لبنان چھوڑنے کا کہہ چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں