تازہ ترین

عمران خان نے یوم ِ آزادی کے حوالے سے کارکنان کو بڑا پیغام دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءانتظار پنجوتھا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پیغام دیاہے کہ 13اگست کی رات قوم پاکستانی جھنڈے لیکر گھروں سے نکلیں،بنگلہ دیش میں جو کچھ ہوا اس کے پیچھے وجہ ظلم ہے، بانی پی ٹی آئی نے صوابی جلسے پر کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 8 فروری کے الیکشن سے قبل پاکستان تحریک انصاف پرجتنا بھی ظلم ہوا اس پر لوگ خاموش رہے۔اس کے بعد9 مئی کو جو بیانیہ بنایا گیا اس پر جواب عوام نے الیکشن میں دیدیا ہے ۔ دھاندلی زدہ الیکشن پر عوام کو شدید غصہ تھا۔اب بھی وقت ہے یہ فیصلوں پر نظر ثانی کریں اور ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے ۔

مہنگائی نے عوام کی معیشت کو کمزور کر دیاہے ۔ مہنگائی کے باعث عوام شدید پریشان حال ہیں ۔ عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا ہے ۔بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔آئے روز بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ ٹیکسوں کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کے حالات بھی اسی وجہ سے خراب ہوئے کیونکہ وہاں پر بھی ناانصافیاں حد سے بڑھ رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اپنے پیغام میں مزیدکہناتھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف جبری پالیسیوں کوجلد ازجلد ختم کیا جائے اور ہمارے تمام گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے ۔ملک میں آئین و قانون کی سربلندی کیلئے پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں