اہم ترین خالی منصب کی تقرری، فیصلہ نہ ہو سکا

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کا عہدہ قائم مقام چیئرمین کی تعیناتی کے لیے سمری نہ بھیجے جانے کے باعث ایک ہفتے سے خالی ہے، جس سے محکمے کے روز مرہ کے معمولات متاثر ہورہے ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کا عہدہ ڈاکٹر مختار احمد کی 2 سالہ مدت جو کہ 29 جولائی کو ختم ہوئی ہے، کے بعد سے خالی ہے۔قائم مقام چیئرمین کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے سمری نہیں بھجی گئی جس کے باعث قائم مقام چیئرمین کی تقرری نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ڈاکٹر مختار کی مدت میں توسیع کی سمری بھجی تھی، تاہم وہ سمری وزیر اعظم نے منظور نہیں کی ہے۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے بتایا کہ ڈاکٹر مختار کی مدت میں توسیع کی جو سمری بھجی گئی تھی وہ اب تک منظور یا مسترد ہو کر واپس نہیں آئی ہے اس لیے ہم ان خود کوئی نئی سمری نہیں بھجیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ چناچہ قائم مقام چیرمین ایچ ای سی کے تقرر کے لیے اب ہم وزیر اعظم ہاؤس کی ہدایت کے منتظر ہیں جیسے ہی ان کی جانب سے قائم مقام کے لیے نام کی ہدایت آتی ہے تو ہم سمری بھیج دیں گے۔یاد رہے کہ قائم مقام چیئرمین کے عہدے کے لیے فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رانا اقرا احمد، ای ڈی ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر ضیا القیوم، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی اور داؤد انجنئیرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کے نام زیر غور ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے آرڈیننس/ایکٹ کے مطابق مستقل چیئرمین کی عدم موجودگی میں قائم مقام کا تقرر کیا جاسکتا ہے۔ تاہم قائم مقام کی مدت کا کوئی ذکر نہیں، البتہ اس دوران اشتہار دے کر مستقل چیئرمین کا تقرر کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close