پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ممتاز مصطفیٰ انتقال کر گئے۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ممتاز مصطفیٰ کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ممتاز مصطفیٰ بہترین انسان اور ایک منجھے ہوئے وکیل تھے، یہ دنیا عارضی ہے، زندگی کی سانس کسی وقت بھی بند ہوسکتی ہے۔وزیر قانون کا کہنا ہے کہ ایک شخص تھوڑی دیر پہلے ہمارے ساتھ تھا اب نہیں ہے یہی حقیقت ہے، اللّٰہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اظہار الحق نے کہا کہ ہمارے ایم این اے کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس ان کے لاج تک نہیں پہنچ سکی، اراکین پارلیمنٹ کی گاڑیاں راستے میں کھڑی تھیں۔اظہار الحق کا کہنا ہے کہ افسوسناک بات ہے کہ مرحوم ایم این اے کا جسد خاکی کندھوں پرنیچے لانا پڑا۔جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ یہ انتہائی افسوناک ہے کہ پورچ میں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، پہلے بھی نو پارکنگ سے گاڑیاں اٹھوائی تھیں۔اسپیکر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر فوری لاجز جائیں اور نو پارکنگ سے تمام گاڑیاں ہٹائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں