تازہ ترین

مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، اب تک کتنا جانی نقصان ہوچکا ہے؟ افسوسناک تفصیلات آگئیں

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں گذشتہ تین روز کے دوران کم سے کم 27 افراد ہلاک جبکہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حکام نے جمعرات کو بتایا کہ یہ واقعات خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پیش آئے۔ پاکستان کے لیے مون سون بارشوں کا موسم بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وافر پانی اس کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والی زراعت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ تاہم موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں غیر متوقع کلاؤڈ برسٹ سے یہ موسم خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ این ڈی ایم اے نے رواں ہفتے پیر کو خبردار کیا تھا کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی اور پنجاب، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، سندھ اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب کا باعث بنیں گی۔

پرووِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے جمعرات کو بتایا کہ حالیہ بارشوں سے تین روز کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 24 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پرووِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے تصدیق کی کہ گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران صوبے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے صوبہ خیبر پختونخوا میں 150 مکانات کو نقصان پہنچا، ان میں سے 77 مکانوں کا جُزوی نقصان ہوا جبکہ 73 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے ملک بھر میں بارشیں مزید شدت کے ساتھ جاری رہنے کا امکان ہے اور مون سون کی بارشوں کا یہ سلسلہ 6 اگست تک چلے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں