جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف تحریک کو ’حکومت گرائو ‘تحریک میں بدلنے کا عندیہ دیدیا

لاہور (پی این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کی بزنس کمیونٹی کے ہمراہ راولپنڈی عوامی دھرنا کے ساتویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو دو دن دیتے ہیں، مطالبات پر حکمرانوں نے کوئی پیش رفت نہ دکھائی تو ساری بات چیت دھرنے میں میڈیا کے سامنے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بتائیں آپ کو اخراجات کم کرنے میں کیا پریشانی ہے، کسی کو دھوکہ دینے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے، مطالبات نہ مانے گئے تو یہ تحریک حکومت گراؤ تحریک میں بدل جائے گی۔ کوئی خلاف آئین کام، جلاؤ گھیراؤ یا نقصان نہیں کریں گے، کسی کو موقع نہیں دیں گے کہ انتشار پھیلائے۔ حکمران اپنے دھندے اور عیاشیاں ختم کریں، بتایا جائے حکومتی اخراجات میں 25 فیصد اضافہ کیوں کر دیا گیا۔

گاڑیاں وزیروں مشیروں اور بیوروکریسی کی چلیں اور پٹرول کے پیسے عوام برداشت کریں یہ اب نہیں چلے گا۔بیوروکریسی کی بجلی، گیس اور پانی کے پیسے قوم کے ٹیکس سے ادا کرنا بند کرو، ماہانہ ایک ہزار ارب روپے کی کرپشن صرف ایف بی آر میں ہوتی ہے۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، میاں اسلم، ڈاکٹر عطاء الرحمن، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، تاجر رہنما کاشف چوہدری، امیر راولپندی عارف شیرازی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کراچی سے بزنس انڈسٹری کے نمائندوں کو دھرنے میں شرکت پر ویلکم کرتے ہیں۔ حکومت لوگوں کو کہنے کی کوشش کر رہی ہے کہ جماعت اسلامی کے مطالبات قابل عمل نہیں ہیں، جماعت اسلامی نے سب مطالبات کے قابل عمل ہونے کا لائحہ عمل بھی دیا ہے لہذا یہ بات قبول نہیں کی جا سکتی کہ ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جا سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close