عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر شدید تنقید، فاشسٹ قرار دیدیا

راولپنڈی (پی این آئی) عمران خان نے حکمران جماعتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز فاشسٹ ہے وہ باپ کے چوری کے پیسوں پر ایسے پلی ہے جیسے شہزادی ہو، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمندر میں ڈوب رہی ہیں اور اس جوتے کے سہارے لٹک رہی ہیں جس پر 9مئی کا ٹیگ لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مریم نواز فاشسٹ ہے وہ باپ کے چوری کے پیسوں پر ایسے پلی ہے جیسے شہزادی ہو، مریم نواز نے آئی جی پنجاب کو اسی لیے رکھا ہوا ہے کہ اس نے پی ٹی آئی پر ظلم کیا ہے۔حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سے ہم کیا مذاکرات کریں، پی پی پی اور ن لیگ دونوں فارم 47 والے ہیں، حکومت کا ایک ہی مقصد ہے پی ٹی آئی اور فوج کی لڑائی لڑوا کر ہماری جماعت ختم کروائیں۔یہ دونوں جماعتیں سمندر میں ڈوب رہی ہیں اور جوتے کے سہارے لٹک رہی ہیں جس پر 9مئی کا ٹیگ لگا ہے۔

مذاکرات کے لیے پہلا مطالبہ ہے چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے، مذاکرات کے لیے دوسرا مطالبہ گرفتار کارکنان کی رہائی اور مقدمات کا خاتمہ ہے جبکہ تیسرا مرحلہ ملک بچانے کا ہے جو صاف شفاف الیکشن کے بغیر ممکن نہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9مئی واقعات میں ہماری بے گناہی سی سی ٹی وی میں چھپی ہے، اگر 9مئی میں پی ٹی آئی کا کوئی بندہ ملوث ہے تو اسے ضرور سزا دیں، 28سالہ جدوجہد میں کبھی توڑ پھوڑ کی بات نہیں کی۔ ساری پارٹیاں جلسے کر رہی ہیں لیکن ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے، ابھی صوابی میں جلسہ کر رہے ہیں اور اگلا جلسہ اسلام اباد میں کریں گے، ہم نہیں چاہتے انتشار ہو۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے نکلنے والے بلوچ عوام کی بھی حمایت کرتا ہوں، بلوچستان میں لوگوں کو غائب کرنا ظلم ہے، حکومتی ہوش کرے اور بلوچ عوام میں بہت زیادہ نفرت پھیل رہی ہے۔ ہمارے 25 ورکرز اب تک غائب ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں