اسلام آباد(پی این آئی) وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کا ذیلی ادارہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) جاپان کے سرکاری سکولوں میں انگریزی پڑھانے کے لیے پاکستان سے اساتذہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق جاپان کو انگریزی زبان کے 30معاون اساتذہ کی فوری ضرورت ہے۔
اس ملازمت کے لیے درخواست دہندہ کے پاس بیچلر یا اس کے مساوی ڈگر، کم از کم ایک سالہ تجربہ اور عمر 24سے 45سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ اس کے لیے مرد یا عورت کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ جاپان جانے والے ان ٹیچرز کو 2لاکھ 20ہزار ین (تقریباً 3لاکھ 96ہزار روپے) تنخواہ اور مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یہ ایک کنٹریکٹ پر مبنی ملازمت ہو گی اور اس معاہدے کی مدت 7اپریل 2025ءسے 24مارچ 2026ءتک ہو گی۔ درخواست دہندگان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے اور وہ طبی لحاظ سے بھی اس ملازمت کے لیے موزوں ہوں۔ اس کے لیے انہیں حالیہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی مہیا کرنا ہو گا۔
درخواست دہندگان کو جاپان میں ذاتی رہائش کے لیے پرواز کے اخراجات کے علاوہ کم از کم 6لاکھ ین (تقریباً10لاکھ روپے) یا مشترکہ رہائش کے لیے کم از کم 3لاکھ ین (تقریباً5لاکھ روپے ) درکار ہوں گے۔ امیدواروں کو سی وی کے ساتھ تین منٹ کی اپنے تعارف کی ویڈیو مہیا کرنی ہو گی اور پاکستان میں ’M/S Borderlink‘ کے تربیتی سیشن میں شریک ہونا ہو گا اور31مارچ 2025ءتک جاپان میں اپنے مقررہ مقام پر پہنچنا ہو گا۔اس ملازمت میں دلچسپی رکھنے والے مردوخواتین او ای سی کی ویب سائٹ ’oec.gov.pk‘ پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے فون نمبر 0311-0011-632یا ای میل ایڈریس [email protected]پر رابطہ کرکے مزید معلومات اور رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں