اسلام آباد ( پی این آئی ) سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی کا کہنا ہے کہ عوامی حمایت نہ ہو تو ادارے یا اسٹیبلشمنٹ بہت دیر تک پیچھے نہیں کھڑے رہ سکتے، اس لیے جلد پارلیمنٹ میں حکومت تبدیل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ٹکراؤ کی کوشش کو پی ٹی آئی نے اپنی حکمت عملی سے شہ مات دیدی، حکومت جو آگ لگانے کی کوشش کر رہی تھی اس کے جلد مکمل طور پر بجھنے کا امکان ہے، حکومت اداروں اور تحریک انصاف کے درمیان جو آگ بھڑکا رہی تھی اس کو پی ٹی آئی قیادت نے اپنے بیانات اور حکمت عملی سے ناکام بنا دیا، اس آگ کو بجھانے میں عدلیہ نے بھی اہم کردارادا کیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اداروں کو ٹکراؤ کی کیفیت میں لانا ملکی مفاد میں نہیں، آگ بھڑکانے کا جو اقدام ہے وہ حکومت نے اپنایا لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جو حکمت عملی اپنائی وہ مثبت ہے اور میرا خیال ہے نوازشریف اب پہلے سے زیادہ پریشان ہیں کیوں کہ جب عوام کی رائے کسی کے حق میں نہ ہو تو ادارے بہت دیر تک ان کے پیچھے کھڑے نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بیان کے بعد ہمیں ان سے ایک بڑے بیان کی توقع ہے، توقع ہے بانی پی ٹی آئی اب نیلسن منڈیلا بن کر جیل سے باہر آئیں گے، بانی پی ٹی آئی کی عوام کے اندر واپسی کسی کیلئے خوف نہیں بلکہ ملکی ترقی کی علامت ہونا چاہیے، عدالتوں کے فیصلوں کے ذریعے مجھے بہت جلدی پارلیمنٹ میں حکومت تبدیل ہوتے نظرآرہی ہے، 47 کے نکلنے کے بعد 45 کا آنا اسمبلی میں حکومت کی تبدیلی کا باعث بنے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں