طوفانی بارشیں، رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کے باعث راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے.

موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد کی گلیاں تلاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسلام آباد شہر کے نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر پانی بھر رہا ہے، زیر تعمیر پارک روڈ پر نا ہموار سطح میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے، سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑی پھنسنے کا اندیشہ ہے، ایکسپریس ہائی وے کے زیر تعمیر حصے کی نا ہموار سطح میں بھی پانی بھرنا شروع ہوگیا ہے.

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں طوفانی بارش کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے رابطہ کر کے نکاسی آب کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ضروری ہدایات دے دیں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لیے متعلقہ افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے، بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں، نالوں کی نگرانی کے لیے اضافی عملہ اور مشینری لگائی جائے. وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ وفاقی دارالحکومت میںشاہراہوں، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، انڈر پاسسز اور دیگر مقامات پر پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس فعال انداز میں فرائض سرانجام دے انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close