لاہور(پی این آئی) سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ہمیں حکومت میں لانے پھر ہماری حکومت گرانے اور پی ڈی ایم کی حکومت بنانے میں جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا رول تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ امریکا کی طرف سے سائفر پہلی دفعہ نہیں آیا بلکہ کئی دفعہ آچکا ہے ، بانی پی ٹی آئی کے جلسے میں سائفر لہرانے سے امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی کو غلط مشورہ دے رہے تھے جن پر مجھے شدید غصہ تھا لیکن اس وقت میری کوئی بات سننے کو تیار نہیں تھا ۔ میرا اس وقت نقطہ نظر یہ تھا کہ تحریک عدم اعتماد آنے کیساتھ ہمیں ایگزٹ کر جانا چاہیے تھا۔شفقت محمود کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد آرہی تھی اور ہماری حکومت ختم ہونے جارہی تھی ، ہم منسٹریوں سے فار غ ہو رہے تھے ، ہر چیز الٹ پلٹ ہو رہی تھی ، لیکن سائفر کو سیاسی طور پر کھیلنا میرے لیے کوئی انوکھی بات نہیں تھی ، یہ پالیٹکس ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ذاتی طور پر جنرل باجوہ پر بہت غصہ تھا کیونکہ وہ سمجھتے تھے جو کچھ ہوا ہے وہ ان کے مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا، مجھے بھی اس بات کا دکھ ہے، اگر ہم چلتے رہتے تو یہ تیسری حکومت ہوتی جو اپنی مدت پوری کرتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں