پی ٹی آئی کی حکومت گرانے میں کس کا ہاتھ تھا؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ہمیں حکومت میں لانے پھر ہماری حکومت گرانے اور پی ڈی ایم کی حکومت بنانے میں جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا کردار تھا۔

صحافی منصور علی خان کو انٹرویو دیتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی کو غلط مشورہ دے رہے تھے جن پر مجھے شدید غصہ تھا لیکن اس وقت میری کوئی بات سننے کو تیار نہیں تھا ۔ میرا اس وقت نقطہ نظر یہ تھا کہ تحریک عدم اعتماد آنے کیساتھ ہمیں ایگزٹ کر جانا چاہیے تھا۔

شفقت محمود کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد آرہی تھی اور ہماری حکومت ختم ہونے جارہی تھی ، ہم منسٹریوں سے فار غ ہو رہے تھے ، ہر چیز الٹ پلٹ ہو رہی تھی ، لیکن سائفر کو سیاسی طور پر کھیلنا میرے لیے کوئی انوکھی بات نہیں تھی ، یہ پالیٹکس ہو رہی تھی،امریکا کی طرف سے سائفر پہلی دفعہ نہیں آیا بلکہ کئی دفعہ آچکا ہے ، بانی پی ٹی آئی کے جلسے میں سائفر لہرانے سے امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں کوئی فرق نہیں پڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ذاتی طور پر جنرل باجوہ پر بہت غصہ تھا کیونکہ وہ سمجھتے تھے جو کچھ ہوا ہے وہ ان کے مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا، مجھے بھی اس بات کا دکھ ہے، اگر ہم چلتے رہتے تو یہ تیسری حکومت ہوتی جو اپنی مدت پوری کرتی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close