سینٹ کے 96 ممبران کیلئے ہزاروں ملازمین کی موجودگی کا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) ملکی ایوان بالا (سینیٹ) میں 96 سینیٹرز کیلئے ایک ہزار ملازمین کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے یہ انکشاف کیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں اسٹاف کی کمی نہیں، سیاسی مقاصد کیلئے ملازمین بھرتی کیے گئے اور 96 سینیٹرز کیلئے ایک ہزار ملازمین موجود ہیں۔ان کا کہناتھاکہ رکن پارلیمنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ 70 ہزار تک ہے، ارکان پارلیمنٹ اپنے بجلی اور گیس کے بلز خود دیتے ہیں، کام کے اعتبار سے سب سے کم تنخواہ ہے۔وزیر قانون کا کہنا تھاکہ 20 سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے پاس سرکاری رہائش گاہ موجود نہیں ہے، پارلیمنٹ کے نئے لاجز کاکام 80 فیصد مکمل ہے۔قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے نئےلاجز پر دوبارہ کام شروع کرنے کیلئے چیئرمین سینیٹ اوراسپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی سفارش کی۔