جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف احتجاج ، پلان بی کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف دھرنے کے حوالے سے حکمت تبدیل کر کے پلان بی کا اعلان کر دیا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی اور اسلام آباد میں داخلے کے راستے بند کر دیئے گئے جبکہ کشمیر ہائی وے پر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا گیا اور متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تاہم، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن 26 نمبر پر پہنچے جہاں انہوں نے مختصر خطاب کیا اور بعدازاں آئی ایٹ چلے گئے جبکہ ایکسپریس وے پر آئی 8 میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جہاں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ہمارے کارکنان کے گھروں پر چھاپہ مارے ، کیا یہ سمجھتے ہیں کہ دھرنا ختم کر دیا جائے گا ؟، ابھی دھرنے کا آغاز ہوا ہے اور یہیں رہیں گے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان 26 نمبر چونگی پر پہنچے جہاں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پریشان نہ ہوں ، ہم اسلام آباد میں دھرنے کیلئے آئے ہیں، کارکنان اگلے اعلان کا انتظار کریں ، نظم و ضبط بڑی چیز ہوتی ہے کسی بھی جماعت کیلئے ، آپ کا امیر جو ہدایت دے اُسی پر عمل کرنا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آپ دھرنا طویل کرنے کو تیار ہیں ؟، حکومت کو متنبہ کر رہا ہوں ،ہمارے کارکنان کو رہا کیا جائے، ہمارا سیلاب رکے گا نہیں، ہم پر امن لوگ ہیں۔