ارشد شریف قتل کیس، نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف جاری تفتیش سے متعلق اسکارٹ لینڈیارڈ کا اہم فیصلہ

لندن(پی این آئی) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق تسنیم حیدر کے الزامات پرجاری تفتیش ختم کردی۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے نوازشریف اور مریم نواز سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف تفتیش کی جارہی تھی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تسنیم حیدر کے سنگین الزامات کی ڈیڑھ برس تک تحقیقات کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ تسنیم حیدر نے شریف فیملی اور ان کے ساتھیوں پر ارشد شریف کےقتل کا الزام عائد کیا تھا اور بانی پی ٹی آئی پر وزیرآباد میں حملےکا بھی الزام لگایا تھا۔ کاؤنٹرٹیرر کمانڈ یونٹ نے جیو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ الزامات کی باقاعدہ تحقیقات شروع کرنےکی ضرورت نہیں، تسنیم حیدر لیگی قیادت، سلیم رضا، ناصرمحمود، زبیرگل، راشد نصر اللہ کے خلاف ثبوت پیش نہ کرسکے۔

خیال رہے کہ تسنیم حیدر نے نومبر 2022 میں ارشد شریف کے قتل کی سازش میں نوازشریف کے ملوث ہونےکا الزام لگایا تھا۔ میٹ پولیس نے الزامات کا جائرہ لینے کے لیے اسکوپنگ ایکسرسائز کی تھی اور پولیس نےکاؤنٹرٹیرر کمانڈ یونٹ کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپی تھی۔ پولیس کے مطابق تسنیم حیدر اور ان کے وکیل مہتاب عزیز نےدعوے کیے تھے ان کے پاس الزامات کے ثبوت ہیں۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے الزامات لگانے والے تسنیم حیدر کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close