عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی کس بات پر ہوئی؟ رانا ثنا اللہ کا بڑا دعویٰ

پیرس(پی این آئی ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پھانسی لگانے کے مطالبے پر بانی پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی ہوگئی۔

پیرس میں پاکستانیوں کے جلسے سے خطاب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سوچ جمہوری نہیں، آمرانہ اور فسادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے راج دلارے تھے لیکن جب اپوزیشن کو پھانسی لگانے کا مطالبہ کیا تو لڑائی ہوگئی کیوں کہ اسٹیبلشمنٹ اس حد تک نہیں جانا چاہتی تھی۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو شہباز شریف اور بلاول نے ساتھ چلنے کی پیشکش کی جس پر عمران خان نے کہا کہ وہ سب کو جیل میں ڈال دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی تھی، بانی پی ٹی آئی مقابلے کی بجائے استعفےٰ دے کر دوڑ گئے۔ رانا ثنااللہ نے اس موقع پر بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل دہشتگردی سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close