پی ٹی آئی کو کل اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائیگی یا نہیں؟ ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی )محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں 3 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے بھی 26 جولائی کو جلسے کے حوالے خبردار کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ قیام امن، انسانی جانوں واملاک کے تحفظ کے لئے دفعہ 144 لگائی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لئے آسان ہدف ہوسکتا ہے، عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا ہے۔

ادھر26 جولائی کو اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے جلسے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے، شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close