نوجوانوں کیلئے ہزاروں نوکریاں دینے کا اعلان

بدین (پی این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بہت جلد صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کو ہزاروں نوکریاں دینے کا اعلان کردیا۔

 

 

بدین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے جو مسائل تھے ان کو پیپلزپارٹی ختم کرے گی، اب تک سندھ میں گریڈ 16 سے اوپر کی 16 ہزار نوکریاں دے چکے ہیں، جلد ہزاروں مزید نوکریاں دیں گے لیکن ایک جماعت کو سندھ کی ترقی پسند نہیں، اس لیے اس نے اسٹے لے لیا اور کورٹ سے بھی تاریخ پر تاریخ ملتی رہی، اس کے باوجود عوام سے کیے گئے سارے وعدے پورے کریں گے اور عوام کے پاس سرخرو ہوکر دوبارہ آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیلاب آیا تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے اس مسئلے کا ہر صورت حل چاہیے، نکاسی آب کے پرانے راستوں کی بحالی عوام کا بھی مطالبہ تھا، جس کے نتیجے میں ایل بی او ڈی اسپائنل آر ڈی بحال ہوگئے، ایل بی اوڈی 1980ء کا منصوبہ تھا جسے واپڈا نے تعمیر کیا، ڈیزائن میں کچھ ترامیم کرکے پرانے راستے بحال کیے، جس کی وجہ سے آئندہ بدین، میرپورخاص، سانگھڑ اور نواب شاہ سیلاب میں نہیں ڈوبیں گے، پہلے سیلاب کے بعد پورا سندھ دریا کا منظرپیش کررہا تھا۔

 

 

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پربدین میں پانی کا مسئلہ حل کیا، اسی طرح پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت تھی کہ زرعی معیشت کو ترقی دی جائے، منصوبے سے ڈھورو پران تا شکور ڈنڈھ تک پانی کے راستے بحال ہوگئے، سانگھڑ سے عمر کوٹ تک ایک ڈرین اور انڈر پاس بنایا جارہا ہے، اس کے علاوہ سندھ بھرمیں مختلف نہروں پر کام جاری ہے، ٹھٹہ سے مٹھی اور ننگر پارکر کی سڑکیں بھی بنوائی ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت اور ویژن کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے دنیا کے سب سے بڑے ہاؤسنگ منصوبے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کے تحت 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہے ہیں۔