اسلام آباد(پی این آئی)حکومت پاکستان نے 126 ممالک کے شہریوں کو آن لائن مفت ویزا فراہم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیےگئے۔اعلامیے کے مطابق 126 ممالک کے لیے آن لائن ویزا درخواست سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی گئی ہے۔ 126 ممالک کے شہری 24 گھنٹوں کے اندر کاروباری اور سیاحتی ویزا حاصل کرسکیں گے، ان 126 ممالک کے شہری ویزا پراسیسنگ فیس سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔ تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے آمد پر ویزا سہولت کی منظوری دی گئی ہے۔ ان سکھ یاتریوں کے لیے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنےکے لیے پوری طرح کوشاں ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ اور متعلقہ وزارتوں اور حکام نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی کی ہے، اس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں سے ویزا فیس نہیں لی جائےگی، اس سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھےگی، اس کی حتمی منظوری کابینہ دے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں