9مئی کے حوالے سے عمران خان نے کیا اعتراف کیا؟ سلمان اکرم راجہ بول پڑے

راولپنڈی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے حوالے سے کسی بات کا اعتراف نہیں کیا، زمان پارک میں رینجرز کے ایکشن کے بعد متفقہ فیصلہ ہوا تھا کہ احتجاج وہاں ہوگا جہاں ہونا چاہیے وہ جی ایچ کیو ہو یا کوئی اور دفتر ہو۔

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جو خبر اعتراف کے حوالے سے چل رہی ہے وہ بالکل لغو بات ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انھوں نے 9 مئی کے حوالے سے کسی بات کا اعتراف نہیں کیا، ان کا مؤقف موجود ہے کہ 14مارچ کو زمان پارک پر جب حملہ ہوا، پھر 18مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں حملہ ہوا، حملہ آوروں میں پولیس اور دیگر اداروں کے لوگ شامل تھے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ان واقعات کے بعد پارٹی میں فیصلہ ہوا کہ اگر دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو پھر پرامن احتجاج ہوگا، احتجاج وہاں ہوگا جہاں ہونا چاہیے، وہ جی ایچ کیو ہویا کوئی اور دفتر ہو، احتجاج میں کسی گملے، پتے کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا یہ ایک متفقہ فیصلہ تھا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چھوٹی سی کوٹھڑی میں محبوس ہیں جسکے ساتھ اٹیچڈ باتھ بھی نہیں بانی چیئرمین کا پیغام ہے کہ تمام قوتیں ہوش کے ناخن لیں، انگیجمنٹ کے لئے دروازے کھلے ہیں، چاہتے ہیں ملک کی بہتری کے لئے پی ٹی آئی حصہ ڈالے طاقت کا حصول ہمارا نصب العین نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close