اسلام آباد ( پی این آئی ) بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بجلی صارفین کو سبسڈی دینے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔
انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر نے رپورٹ کیا ہے کہ پاور ڈویژن نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے بجلی سبسڈی پروگرام نافذ کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے بی آئی ایس پی کے ذریعے ملک بھر کے لاکھوں بجلی کے صارفین کو سبسڈی دینے کے منصوبے کو حتمی شکل دی جارہی ہے، منصوبے کو تیاری کے بعد حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت اہل خاندانوں کی نشاندہی سے پاور ڈویژن کو بجلی کی سبسڈی فراہم کرنے میں مدد ملے گی، اس اقدام کا مقصد غیر ہدف شدہ سبسڈی کو ٹارگیٹیڈ سبسڈی میں تبدیل کرنا ہے، بی آئی ایس پی پاور ڈویژن کی مشاورت سے بجلی سبسڈی پروگرام کے لیے ممکنہ صارفین کی شناخت کے لیے اہلیت کے معیار کا تعین کر رہا ہے، پاور ڈویژن فراہم کی جانے والی منفرد سبسڈیز کی تعداد بتائے گا، اس کے بعد بی آئی ایس پی اپنے ڈیٹا بیس سے ایسے خاندانوں کی اسکریننگ کرے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ پاور ڈویژن بجلی سبسڈی فراہم کیے جانے والے خاندانوں کی تعداد کا تعین کرے گا، یہ معلومات سبسڈی پروگرام کے لیے ممکنہ اہل خاندانوں کی شناخت کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، منصوبے کے تحت پاور ڈویژن سبسڈی اور ادائیگی کی کارروائی کی شرائط کے نفاذ کے لیے مالیاتی اداروں اور بینکوں کی آن بورڈنگ کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ رابطہ کرے گا، اس میں پاکستان پوسٹ، کمرشل بینکس اور موبائل بینکنگ سمیت تمام قسم کے بلوں کی وصولی کا احاطہ کرنے والے سٹیک ہولڈرز شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں